بھٹکل:16/مئی (ایس اؤنیوز)شہر بھٹکل سمیت تعلقہ کے مختلف مقامات پر پینے کے پانی کی قلت سے عوام کافی پریشان ہوکر ادھر ادھر پانی کی تلاش میں سرگرداں ہیں، تعلقہ انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تعلقہ میں جہاں جہاں پینے کے پانی کو لے کر دشواری یا قلت ہے ان جگہوں پر عارضی طورپر پینے کے پانی کی سپلائی کا بندوبست کریں، اس بات کا مطالبہ کرتے ہوئے ویلفئیر پارٹی آف انڈیا بھٹکل نے مقامی تحصیلدار کو میمورنڈم پیش کیا ہے۔
بدھ کی صبح ویلفئیر پارٹی آف انڈیا بھٹکل کے ایک وفد نے مقامی تحصیلدار وی این باڈکر سے ملاقات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہر کے حنیف آباد، عمرا سٹریٹ ، مدینہ کالونی ، چوتھنی کا کدرے بیرپا روڈ، جالی روڈ بینڈے کان، شرالی میں تٹی ہکل ، پلی ہکل سمیت کئی جگہوں پر عوام پینے کے پانی کے لئے ترساں ہیں، مسئلہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تعلقہ انتظامیہ فوری طورپر عارضی انتظاما ت کرے اور ہر سال پیش آنے والے ان مسائل پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مستقل حل کے لئے منصوبہ تشکیل دیں۔اس موقع پر پارٹی لیڈران شوکت خطیب، قمرا لدین مشائخ، عبدالجبار اسدی ، صفوان سمیت کئی لوگ موجود تھے۔